نوئیڈا،28 /نومبر(آئی این ایس انڈیا)گوتم بدھ نگر ضلع کے گریٹر نوئیڈا بیٹا 2 پولیس اسٹیشن کے علاقے میں جمناایکسپریس وے پر ہفتہ کی صبح ایک انووا کار میں سوار چار افراد ہلاک ہو گئے۔انووا کار بے قابو ہوکر روڈ ویز بس سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔
ڈپٹی کمشنر پولیس راجیش کمار سنگھ نے بتایا کہ ہفتے کی صبح پانچ افراد ایک انووا کار میں آگرہ سے نوئیڈا جارہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ کار بیٹا 2 تھانہ علاقے میں جمنا ایکسپریس وے پر ایچ پی پیٹرول پمپ کے قریب روڈ ویز بس سے ٹکرا گئی۔انہوں نے بتایا کہ اس واقعے میں انووا کار میں سوار چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ ایک شخص کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
سنگھ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت آشیش چوہان ساکن وسندھرا (غازی آباد)، آلوک کمار گپتا ساکن اسماعیل پور امر نگر (فریدہ آباد، ہریانہ)، منیگنڈن میکان دیوکر سکنہ الہاس نگر (تھانہ، مہاراشٹر) اور فیروز کے رہائشی گڑھی بکیترا (آگرہ) کے طور پر ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ زخمی شخص کی شناخت شہزادہ پال سکنہ فرید آباد کے طور پر کی گئی ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔سنگھ نے بتایا کہ یہ لوگ ایک ایونٹ کمپنی میں ملازمت کرتے تھے اور آگرہ میں منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کے بعد وطن لوٹ رہے تھے۔